2 مارچ 2015 - 12:46
ایران کی ایٹمی مذاکراتی ٹیم سوئزر لینڈ کے لئے روانہ

ایران کی ایٹمی مذاکراتی ٹیم مذاکرات کی غرض سے سوئزرلینڈ روانہ ہوگئ۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ایران کے وزیر خارجہ، اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے اجلاس میں شرکت اور ایٹمی مذاکرات کے سلسلے میں امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات کے لئے، مذاکراتی ٹیم کے ہمراہ سوئزرلینڈ روانہ ہوگئے۔ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا اٹھائسیواں اجلاس دو مارچ سے ستائیس مارچ تک جنیوا میں ہورہا ہے ۔ فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف پیر کو اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل ميں تقریر کرنے والے ہيں اور ساتھ ہی اس موقع پر اجلاس کے بعض شرکاء سے ملاقات بھی کریں گے۔ اس رپورٹ کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ، جنیوا میں روس اور ہالینڈ کے وزرائے خارجہ اور اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق سے بھی ملاقات اور گفتگو کریں گے ۔ جواد ظریف مذکورہ اجلاس میں شرکت اور تقریر کے بعد سوئزر لینڈ کے شہر مونٹیرو جائیں گے تاکہ ایران کے ایٹمی معاملے میں امریکی وزیر خارجہ کے ساتھ مذاکرات انجام دیں۔ ایران کے نائب وزرائے خارجہ سید عباس عراقچی اور مجید تخت روانچی بھی پیر کے روز مونٹیرو شہر میں، امریکی نائب وزیر خارجہ اور گروپ پانچ جمع ایک میں امریکی نمائندہ" وینڈی شرمن " سے، جامع ایٹمی سمجھوتے کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے سلسلے مذاکرات کریں گے۔ ایران کی جوہری توانائی کی تنظیم کے سربراہ علی اکبر صالحی بھی مونٹیرو میں ہونے والے مذاکرات میں شرکت کررہے ہيں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲